زیادہ کافی پینا نقصان دہ، ماہرین نے صحت مند متبادل بتا دیے

زیادہ کافی پینا نقصان دہ، ماہرین نے صحت مند متبادل بتا دیے

ویب ڈیسک: توانائی میں کمی دور کرنے کے لیے لوگ اکثر کافی پیتے ہیں، لیکن طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیفین پر زیادہ انحصار جسمانی اور ذہنی صحت دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کافی وقتی طور پر دماغ کو چست اور بیدار رکھتی ہے، لیکن بار بار پینے سے یہ عادت انحصار میں بدل جاتی ہے، جس سے نیند کے معمولات متاثر ہوتے ہیں، تھکن اور بے چینی بڑھتی ہے اور توجہ میں کمی آتی ہے۔ طویل عرصے تک زیادہ کیفین لینے سے بلڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن تیز ہونا، ہاضمے کے مسائل، پانی کی کمی اور غذائی اجزاء کے جذب میں رکاوٹ جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

انرجی بڑھانے کے لیے ماہرین نے قدرتی ذرائع اپنانے کی تجویز دی ہے جن میں:

پانی کی مناسب مقدار پینا
متوازن غذا (پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند چکنائیاں)
ہلکی پھلکی ورزش اور روزانہ چہل قدمی
دن کے دوران پاور نیپ اور مراقبہ
کافی کے بجائے گرین ٹی کا استعمال
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر رات 7 سے 9 گھنٹے پُرسکون نیند، زیادہ پانی، پھل و سبزیاں، دالیں اور صحت مند چکنائی کا استعمال نہ صرف توانائی کو پائیدار بناتا ہے بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔