ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 16 نومبر تک ملتوی کیا جائے، مرزا محمد آفریدی

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میںسیلابی صورتحال ، طلبا کی امتحان میں شرکت ممکن نہیں 
 5اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ کا انعقاد غیر منصفانہ, ہزاروں طلبا شرکت سے محروم رہ جائیں گے
اسلام آباد (آئی این پی ) سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے میڈیکل کالجز کے داخلہ امتحان (ایم ڈی کیٹ )16 نومبر تک ملتوی کرنے کا مطالبہ  کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق  سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے صدر پی ایم ڈی سی کو خط لکھا ہے ، جس میں میڈیکل کالجز کے داخلہ امتحان(ایم ڈی کیٹ)  ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 16 نومبر تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 5 اکتوبر کو شیڈول ہے تاہم پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث طلبا کی امتحان میں شرکت ممکن نہیں۔ سیلاب سے مواصلاتی نظام اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بڑی تعداد میں طلبا بے گھر اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔مرزا محمد آفریدی نے موقف اختیار کیا کہ متاثرہ علاقوں کے طلبا ذہنی دبا میں ہیں اور تیاری بھی نہیں کر پارہے، ان کے  لئے امتحانی مراکز تک رسائی انتہائی مشکل ہے۔ موجودہ حالات میں 5 اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ کا انعقاد غیر منصفانہ ہوگا اور ہزاروں طلبا امتحان میں شرکت سے محروم رہ جائیں گے