مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے بس میں نہیں ہے۔
انہوں نے ایک نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کو ملکی مفاد پر بات کرنی چاہیے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بحث نہیں کی جا سکتی۔امیر مقام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور ان کی رہائی کا معاملہ عدالت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، کیونکہ ان کی ڈکشنری میں ملکی مفاد کا کوئی تصور نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مفاد صرف ان کی ذات تک محدود ہے، اور سوال کیا کہ کیا 9 مئی کے واقعات اور اسلام آباد پر حملہ ملکی مفاد میں کیے گئے تھے؟
امیر مقام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر پرویز خٹک کابینہ میں شامل ہوتے ہیں، تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔