پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے پشاور پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر سینئر حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی دوپہر ایک بجے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، عسکری حکام اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے افسران شریک ہوں گے۔اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور موجودہ سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیرِ غور آئے گا۔واضح رہے کہ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صورتحال کے تناظر میں ہونے والے اس اجلاس کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔