خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال، پی سی بی نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے میچز دوسرے شہروں میں منتقل کردیے

خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال، پی سی بی نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے میچز دوسرے شہروں میں منتقل کردیے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کردیے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ میچز کی منتقلی کا مقصد موجودہ صورتحال کے دوران ٹورنامنٹ کے شیڈول کو جاری رکھنا ہے۔

پشاور اور ایبٹ آباد کے میچز کہاں ہوں گے؟
شیڈول کے مطابق پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان 14 اکتوبر سے شروع ہونے والا میچ اب شیخوپورہ کی رانا نوید کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح ایبٹ آباد میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے درمیان شیڈول مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ منتقل کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے میچز اب 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے، جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے درمیان مقابلہ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے
پی سی بی کے فیصلے کے تحت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہونا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک سرفہرست
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ غنی 70 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ فائنل کے مقام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔