ایران سے ممکنہ خطرہ: امریکا نے برطانیہ کے دوسرے فضائی اڈے سے بھی فوجی طیارے منتقل کردیے

ایران سے ممکنہ خطرہ: امریکا نے برطانیہ کے دوسرے فضائی اڈے سے بھی فوجی طیارے منتقل کردیے

لندن: ایران سے منسلک ممکنہ سکیورٹی خطرے کے پیشِ نظر امریکا نے برطانیہ میں واقع اپنے ایک اور فضائی اڈے سے فوجی طیارے محفوظ مقامات پر منتقل کردیے ہیں، جبکہ دونوں اہم امریکی فضائی اڈوں پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل اور خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے انگلینڈ میں واقع رائل ایئر فورس ملڈن ہال (RAF Mildenhall) سے متعدد فوجی طیارے منتقل کیے۔ امریکی حکام کو ایران سے منسلک ممکنہ خطرے سے متعلق اطلاع موصول ہونے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ کے کم از کم دو فضائی ایندھن بردار طیاروں کو جرمنی منتقل کیا گیا، جبکہ بعد ازاں مزید طیارے بھی برطانیہ کے مختلف مقامات سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر امریکی فوجی اثاثوں کو محفوظ بنانا بتایا گیا ہے۔فضائی ایندھن بردار طیارے دورانِ پرواز دیگر جنگی طیاروں کو ایندھن فراہم کرتے ہیں، جس سے انہیں طویل فاصلے تک پرواز اور فضائی کارروائیاں جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ ان طیاروں کی منتقلی کے باعث امریکی فضائیہ نے اپنے اہم فوجی اثاثوں کو ممکنہ خطرے سے دور رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق برطانیہ کے دو اہم امریکی فضائی اڈوں، آر اے ایف ملڈن ہال اور آر اے ایف لکن ہیتھ، پر سکیورٹی الرٹ بھی بڑھا کر فورس پروٹیکشن کنڈیشن چارلی کی سطح پر کر دیا گیا ہے۔ یہ امریکی دفاعی نظام میں دوسرے بلند ترین سکیورٹی الرٹ کی سطح ہے، جس کا مطلب ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق دہشت گردانہ کارروائی کا خطرہ موجود ہو سکتا ہے۔ تاہم خطرے کی اصل نوعیت کے بارے میں امریکی حکام کے درمیان مزید بات چیت جاری ہے۔ یہ پیش رفت برطانیہ کے فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ پر ستمبر میں پیش آنے والے سکیورٹی واقعے کے چند ہفتوں بعد سامنے آئی ہے۔ اس واقعے کے بعد امریکی فضائیہ نے وہاں تعینات اپنے بی ون بمبار طیارے واپس منتقل کردیے تھے۔ برطانوی حکام نے اس واقعے میں ایران سے ممکنہ تعلق کے شواہد کا ذکر کیا تھا، تاہم ایران نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ 
دوسری جانب برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ دیگر ممالک کی فوجی سرگرمیوں پر معمول کے مطابق تبصرہ نہیں کرتے اور طیاروں سمیت فوجی اثاثوں کی نقل و حرکت آپریشنل ضروریات کے تحت ہوتی رہتی ہے۔