بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں خوشحالی، اچھی صحت اور زندگی میں برکت حاصل کرنے کے لیے ادا کی جانے والی ایک منفرد رسم نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے گاؤں دسائی میں ہر سال منعقد ہونے والے ’گائے گوہری‘ تہوار کے موقع پر درجنوں افراد زمین پر اوندھے منہ لیٹ گئے، جبکہ سجی سنوری گائیں اور بیل ان کے اوپر سے گزرتے رہے۔مقامی عقیدے کے مطابق اس روایتی رسم میں حصہ لینے سے انسان کو خوشحالی، اچھی صحت اور زندگی میں برکت نصیب ہوتی ہے۔ اسی عقیدے کے تحت گاؤں کے افراد تہوار میں شرکت کرتے ہیں اور جانوروں کے گزرنے کے لیے زمین پر قطاروں میں لیٹ جاتے ہیں۔تہوار کے دوران گایوں اور بیلوں کو رنگ برنگے کپڑوں، آرائش اور دیگر اشیا سے سجایا گیا تھا۔ شرکا زمین پر اوندھے منہ لیٹ کر جانوروں کے گزرنے کا انتظار کرتے رہے، جبکہ جانور ان کے اوپر سے گزرتے رہے۔اس منفرد تہوار میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور روایتی رسم کو مذہبی و ثقافتی عقیدت کے ساتھ ادا کیا۔