پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے: وزیراعظم

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے جائزے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گلگت میں سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے شدید نقصان ہوا ہے، حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن گیسز کے اخراج میں نہایت کم حصہ رکھنے کے باوجود ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے اور دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال موسمیاتی تبدیلیاں تباہی لا رہی ہیں اور اس کے اثرات گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر صوبوں میں بھی واضح ہیں۔

شہباز شریف نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو فوری اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے ایک اہم ادارہ ہے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں دانش اسکول کا جلد قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ سولر پارک منصوبے کی ذاتی نگرانی بھی خود کر رہا ہوں تاکہ اسے جلد مکمل کیا جا سکے۔اس سے قبل وزیراعظم گلگت پہنچے جہاں گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ان سے ملاقات کی اور حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال، نقصانات اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔ امن و امان کی صورتحال پر بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔