کاہنہ فارم ہاؤس میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق، مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار

کاہنہ فارم ہاؤس میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق، مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار

لاہور: کاہنہ کے علاقے میں نجی فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے سے 19 سالہ کیئر ٹیکر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران فارم ہاؤس کے مالک اور ایک ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا، جبکہ حملہ آور شیرنی کو پنجاب وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ گزشتہ روز کاہنہ کے علاقے میں واقع ایک نجی بریڈنگ فارم پر پیش آیا، جہاں شیرنی نے فارم کے ملازم طلحہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، جہاں شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور اس نے کیئر ٹیکر پر حملہ کردیا۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم مشکوک صورتحال سامنے آنے پر پولیس نے معاملے کی جانچ کی تو انکشاف ہوا کہ نوجوان کی موت شیرنی کے حملے کے نتیجے میں ہوئی۔

واقعے کے بعد حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے نکال کر وائلڈ لائف حکام کی تحویل میں دے دیا گیا، جبکہ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔پنجاب وائلڈ لائف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کی جانب سے شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، فارم ہاؤس میں کیے گئے حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہوسکتا اور شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔