پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایلیسی پیلس کے باہر سلوواکی صدر پیٹر پیلیگرینی کے استقبال کی تقریب کے دوران فرانسیسی اعزازی دستے کے دو اہلکار اچانک بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑے، جس کے باعث استقبالی تقریب کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی۔
خبر رساں ادارے آرمین پریس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلوواکی صدر پیٹر پیلیگرینی کی گاڑی فرانسیسی صدارتی محل ایلیسی پیلس کے داخلی دروازے پر پہنچی۔ سلوواکی صدر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے لیے پیرس آئے تھے۔استقبالی تقریب کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اعزازی دستے کے اہلکار اچانک بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑے۔ واقعے کے فوری بعد فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور وہاں موجود دیگر حکام متاثرہ اہلکاروں کی جانب بڑھے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔بعد ازاں تقریب میں موجود عملے کے دیگر ارکان نے متاثرہ اہلکاروں کو وہاں سے ہٹا دیا۔ تاہم تاحال ان کے اچانک بے ہوش ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور نہ ہی ان کی طبی حالت کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔