جرمنی کا فوج میں چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ، یورپی ٹیکنالوجی اپنانے کی تیاری

جرمنی کا فوج میں چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ، یورپی ٹیکنالوجی اپنانے کی تیاری

برلن: جرمنی کی مسلح افواج نے سکیورٹی خدشات اور حساس معلومات کے تحفظ کے پیش نظر چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد فوجی تربیت اور دیگر سرگرمیوں میں ان کی جگہ یورپ میں تیار کیے گئے ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد فوج کی تکنیکی خودمختاری اور خود انحصاری کو مضبوط بنانا ہے۔ جرمنی اپنی دفاعی ضروریات کے لیے ایسے نظاموں کو ترجیح دینا چاہتا ہے جن کے سکیورٹی اور ڈیٹا کے تحفظ کے معاملات پر زیادہ مؤثر کنٹرول حاصل ہو۔ترجمان کے مطابق جرمن فوج ماضی میں چینی کمپنیوں کے تیار کردہ ڈرونز ان کی کم قیمت کے باعث استعمال کرتی رہی ہے۔ یہ ڈرونز فوجی مشقوں، اہداف کو نشانہ بنانے کی تربیت اور دیگر تربیتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔تاہم اب ان کی جگہ یورپی ساختہ ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔ جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مطلب کسی ایک ملک کی ٹیکنالوجی پر مکمل پابندی عائد کرنا نہیں، بلکہ ہر نظام سے وابستہ سکیورٹی خطرات کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کی نئی پالیسی کا مقصد فوجی سلامتی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام اور حساس ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے تاکہ دفاعی سرگرمیوں کے دوران معلومات کے غیر مجاز استعمال یا منتقلی کے خدشات کو کم کیا جاسکے۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے جرمنی کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اسے امتیازی طرزِ عمل قرار دیا ہے۔

 چینی حکام کا مؤقف ہے کہ چینی مصنوعات کو بلاجواز نشانہ بنایا جارہا ہے۔چین میں قائم دنیا کی بڑی ڈرون ساز کمپنی ڈی جے آئی کے تیار کردہ ڈرونز بھی جرمن فوج استعمال کرتی رہی ہے۔ کمپنی مسلسل اس مؤقف کا اظہار کرتی آئی ہے کہ اس کی مصنوعات سے سکیورٹی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔ڈی جے آئی نے گزشتہ مئی میں امریکی قانون سازوں کو بتایا تھا کہ ایک آزادانہ جائزے میں ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے ظاہر ہو کہ اس کے ڈرونز امریکا سے باہر ڈیٹا منتقل کرتے ہیں۔چینی ساختہ ٹیکنالوجی سے متعلق سکیورٹی خدشات صرف جرمنی تک محدود نہیں ہیں۔ گزشتہ ماہ امریکا نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع اپنے فضائی اڈے پر چینی کمپنی بی وائی ڈی کی تیار کردہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔اسی طرح پولینڈ نے بھی رواں سال فروری میں فوجی تنصیبات میں چینی ساختہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی تھی۔

 پولینڈ کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ان گاڑیوں میں نصب سینسرز حساس معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔دفاعی اور سکیورٹی امور کے ماہرین کے لیے چینی ساختہ ڈرونز اور دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال ایک اہم موضوع بنتا جارہا ہے۔ مغربی ممالک کے حالیہ اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دفاعی ادارے ٹیکنالوجی کے انتخاب میں نہ صرف قیمت اور کارکردگی بلکہ ڈیٹا کے تحفظ، تکنیکی خودمختاری اور ممکنہ سکیورٹی خطرات کو بھی اہمیت دے رہے ہیں۔