سڈنی: آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے حالیہ انکشافات پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کمنز جمعے کو میڈیا کے سوالات کے جواب دیں گے، جبکہ اسی دوران سڈنی کی ایک سڑک پر اہلیہ بیکی کے ساتھ ان کی مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی نئی سوانح عمری ’صبر‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی آگاہ تھے۔خواجہ کے ان دعوؤں کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی اس وقت کی قیادت اور اسکینڈل سے متعلق مختلف کھلاڑیوں کے مؤقف پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔ بالخصوص پیٹ کمنز کے کردار اور اس وقت پیش آنے والے واقعات سے متعلق ان کے مؤقف پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بدھ کو پیٹ کمنز کو اپنی اہلیہ بیکی کے ساتھ سڈنی کی ایک سڑک پر تقریباً پانچ منٹ تک گفتگو کرتے دیکھا گیا۔ اس گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسے مبینہ تلخ بحث قرار دیا گیا، تاہم دونوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی اصل نوعیت واضح نہیں ہوسکی۔بعد ازاں پیٹ کمنز اور ان کی اہلیہ نے اپنی بیٹی ایڈی کے ساتھ ایک مشترکہ تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی، جس کے ساتھ ’مائی لووز‘ کا پیغام بھی درج تھا۔
دوسری جانب پیٹ کمنز نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ وہ جمعے کی صبح ساڑھے 9 بجے کرکٹ سینٹرل میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عثمان خواجہ کے تمام الزامات کو سمجھنے اور ان پر غور کرنے کے لیے وقت لیا ہے تاکہ اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کرسکیں۔اس معاملے پر سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی پیٹ کمنز پر زور دیا ہے کہ وہ 2018 کے واقعے سے متعلق حقیقت سامنے لائیں۔ادھر عثمان خواجہ کے سابق اوپننگ پارٹنر ڈیوڈ وارنر نے ان کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے کتاب میں بیان کردہ باتوں کو درست قرار دیا ہے۔تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 2018 کے واقعے سے متعلق اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور اس حوالے سے ان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔