ایشیز ٹیسٹ: بین اسٹوکس اور لبوشین میں تلخ کلامی، ویڈیو وائرل

ایشیز ٹیسٹ: بین اسٹوکس اور لبوشین میں تلخ کلامی، ویڈیو وائرل

سڈنی میں کھیلے جانے والے ایشیز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلیا کے بلے باز مارنس لبوشین کے درمیان ہونے والی تکرار نے میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔

میچ کے دوسرے روز کھیل کے دوران فیلڈنگ کے وقت دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید لفظی جنگ میں تبدیل ہوگیا۔ اس دوران بین اسٹوکس غصے میں لبوشین کی جانب بڑھے اور لمحہ بھر کے لیے صورتحال ہاتھا پائی میں بدلتی نظر آئی، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے خود کو قابو میں رکھا۔میدان میں موجود امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو الگ کیا اور معاملہ مزید بڑھنے سے روک دیا۔ اس واقعے کے باعث میدان اور شائقین میں خاصی ہلچل دیکھنے میں آئی جبکہ سوشل میڈیا پر اس لمحے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔

دلچسپ طور پر اس تکرار کے فوراً بعد بین اسٹوکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارنس لبوشین کو آؤٹ کر دیا، جس پر شائقین نے اسے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا۔میچ کی صورتحال کی بات کریں تو انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 384 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں دوسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنا لیے۔ اس واقعے نے ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ کو مزید دلچسپ اور یادگار بنا دیا۔