کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے علاقے گمبٹ کے دربوں کچ میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور پاک فوج کے افسران سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شہداء کو سلامی پیش کی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کی میتیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگرد حملے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حملے کی شدید مذمت کی۔وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت تمام 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہاٹ کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کارروائی کے دوران 18 خوارجیوں کو ہلاک کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور اس کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔