اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام نے پارٹی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور پولیس چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے سیکرٹری مفتی ابرار احمد سمیت 200 سے زائد نامعلوم کارکنوں کے خلاف دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پارٹی رہنماؤں کے خلاف پولیس چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔جے یو آئی میڈیا سیل کے مطابق درج ایف آئی آر میں مفتی ابرار احمد اور پارٹی کارکنوں پر پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 353، 186، 188، 109، 148، 393، 149، 290، 291، 341 اور 440 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 7، 21(1) اور 11 بھی مقدمے کا حصہ ہیں۔جے یو آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی اختلاف کا جواب مقدمات اور ریاستی طاقت کے ذریعے دینا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ قیادت اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات اور دباؤ کے ذریعے اپنے اصولی مؤقف سے دستبردار نہیں کرایا جا سکتا۔ترجمان کے مطابق جے یو آئی رہنماؤں کے خلاف پولیس کی جانب سے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مقدمات کے ذریعے قیادت و کارکنوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جے یو آئی نے ان اقدامات کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے پارٹی کو اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا۔