گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم مل کر نہیں بیٹھیں گے تو مسئلہ کا حل نکلنا مشکل ہے۔
پشاور میں امن جرگے سے خطاب میں انہوں نے یہ بات کی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کو ایک ہال میں جمع کرنے پر اسپیکر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور باور کرایا کہ ہمیں ماضی کو بھولنا ہوگا اور مستقبل کی جانب دیکھنا ہوگا۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ یہ خوش قسمتی یا بدقسمتی ہے کہ ہمارے پڑوس میں افغانستان ہے، اور ہمارے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شہادتیں دی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک صوبائی حکومت، وفاق اور سیکیورٹی ادارے مل کر بیٹھ کر بات چیت نہیں کریں گے، امن اور ترقی ممکن نہیں۔گورنر کا کہنا تھا کہ ہمیں نوجوانوں کو صحیح سمت میں ڈالنا ہوگا، اور اپنی سیاسی جماعتوں کو سائیڈ پر کرکے وفاق کے ساتھ بات چیت کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ہمارا صوبہ ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے حقوق کے لیے وفاق کے ساتھ دلائل سے بات کرنی ہوگی۔ فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں موجود ہیں، اور ہمیں اپنی سمت کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اسپیکر کمیٹی بنائی جائے اور ہر جماعت کا ایک نمائندہ شامل کیا جائے تاکہ صوبے کے حقوق کے لیے مؤثر بات چیت کی جا سکے۔