ڈپٹی کمشنر لاہور نے رات کو ریسٹورنٹس بند کروانے کے نوٹیفکیشن پر عمل شروع کردیا
محکمہ ماحولیات کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کیلئے فورس تعینات
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالتی حکم پر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کیلئے محکمہ ماحولیات نے فورس تعینات کرکے جواب عدالت میں جمع کروادیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سیمتعلق درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں لکھا کہ ای پی اے کے مطابق اب بس سٹینڈ سے کوئی بس بغیر فٹنس کے نہیں نکلے گی،لاہور کے خارجی اور داخلی راستوں پر فورس تعینات کردی ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کرے گی۔ عدالت نے تحریری حکم میں لکھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے رات کو ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں کو بند کروانے کے نوٹیفکیشن پر عمل شروع کردیا ، پارکوں میں اب ایسا کوئی نیا کام شروع نہ کیا جائے جس سے پارک کی نوعیت تبدیل ہو ۔ واسا کے ایم ڈی کے مطابق لاہور میں تعمیراتی کام مکمل کر لئے ہیں، ایل ڈی اے سٹرکوں کی بحالی کیلئے جلداز جلد اقدامات کرے ،موٹر وے پر بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر نظر رکھنے کے لیے چیکنگ پوائنٹس مقرر کئے جائیں۔