حیرت ہے واضح احکامات کے باوجود درخت کاٹے جارہے ہیں: جسٹس شاہد کریم کے ریمارکس
عدالت نے درختوں کی کٹائی سے متعلق پالیسی بنانے کیلئے پی ایچ اے سے رپورٹ بھی طلب کرلی
لاہور( آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدار ک کیس میں واضح احکامات کے باوجود درختوں کی کٹائی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کی روک تھام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس شاہد کریم نے نے پی ایچ اے کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ایڈووکیٹ جنرل کو 16 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔عدالت نے درختوں کی کٹائی سے متعلق پالیسی بنانے کیلئے پی ایچ اے سے رپورٹ بھی طلب کی اور کہا کہ حیرت ہے واضح احکامات کے باوجود درخت کاٹے جارہے ہیں، پی ایچ اے کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے ۔عدالت کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک تاریخی ادارہ ہے، وہاں میاواکی طرز پر جنگل لگایا جائے، یہ ایسا کام ہے جس سے آئندہ نسلوں کا فائدہ ہوگا۔