سموگ کے تدارک کیلئے کریک ڈائون جاری

لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سخت کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے تین روز کے دوران ماحولیاتی آلودگی کی 1220 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرلی۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق 10 سے 12 ستمبر تک نشاندہی کی گئی تمام خلاف ورزیوں کی معلومات متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کیلئے فراہم کی گئیں۔سیف سٹی ورچوئل پٹرولنگ کے ذریعے بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 551 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 343 کو جرمانے جبکہ 140 کو وارننگ جاری کی گئی۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی 489 گاڑیوں کی نشاندہی ہوئی، 365 کے چالان اور 70 کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ نگرانی کے ذریعے ایسی گاڑیوں کے 152 ای چالان بھی کیے گئے باربی کیو کے دھوئیں اور چمنیوں سے متعلق 85 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، تین مقامات کلیئر جبکہ 65 کو وارننگ جاری کی گئی۔ بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 76 کیسز رپورٹ ہوئے، دو بھٹے سیل، دو ایف آئی آر درج جبکہ دیگر کے خلاف جرمانے اور وارننگ کی کارروائی کی گئی۔ صنعتی آلودگی کے 13 کیسز میں چھ مقامات پر جرمانے اور چھ کو وارننگ جاری کی گئی۔ترجمان سیف سٹی نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات اور ویسٹ برننگ کے واقعات کی بھی سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔ پنجاب بھر کے سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے ماحولیاتی تحفظ کیلئے جدید سرویلنس سسٹم فعال ہے۔ شہری سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع 15 یا پبلک سیفٹی ایپ کے ’’Connect to PSCA‘‘ فیچر کے ذریعے دے سکتے ہیں