پولیس نے 2 بھائیوں کو پکڑا،5سالہ تحریم کو بھی لے گئے:درخواستگزار،قاسم ہلاک،فخر عباس زخمی ،ہسپتال داخل ہے:سرکاری وکیل
لاہور (کرائم رپورٹر)سی سی ڈی چوری وڈکیتی کے 2 ملزموں کی گرفتاری کے دوران 5سالہ بچی کو بھی ساتھ لے گئی، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر کمسن بچی بازیاب،لواحقین کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے بچی کی دادی کی جانب سے دائر درخواست نمٹادی۔تفصیلات کے مطابق جسٹس اسجد جاوید گھرال نے خاتون کی جانب سے اپنی 5سالہ پوتی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی وکیل سیدہ شاہدہ ارشد نے مئوقف اختیار کیاکہ سی سی ڈی نے چھاپے کے دوران مختلف الزامات میں 2 سگے بھائیوں کو گھر سے گرفتار کیا تو ساتھ 5سالہ بچی تحریم کو بھی لے گئے، ابھی گرفتار دونوں بھائیوں اور 5سالہ بچی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا، عدالت بازیابی کا حکم دے،سرکاری وکیل نے رپورٹ جمع کروا تے ہوئے بتایاکہ پولیس نے قاسم اورفخر عباس کو 10 اکتوبر 2025 کو بچی سمیت گھر سیاٹھایا، 6 نومبر کو قاسم مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ فخر عباس کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کروادیا گیا ، عدالت نے زخمی فخر عباس کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کردی جبکہ 5 سالہ بچی کو سی سی ڈی سے لیکر دادی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔