بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 89 سالہ اداکار کو آج بدھ کی صبح ہسپتال سے گھر لے جایا گیا، جہاں اب ان کا علاج جاری رہے گا۔میڈیا کے مطابق، بدھ کی صبح ایک ایمبولینس کو ہسپتال سے اداکار کے گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ دھرمیندر کو صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے اور اہل خانہ کے فیصلے کے مطابق ان کا علاج اب گھر پر جاری رہے گا۔اہل خانہ کی جانب سے بھی بیان میں کہا گیا ہے کہ دھرمیندر کو ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ اپنی صحت یابی کا عمل گھر پر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے میڈیا اور عوام سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہوں سے گریز کریں اور اداکار کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ اہل خانہ نے پیار، دعاؤں اور نیک تمناؤں پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مختلف میڈیا رپورٹس میں اداکار کی وفات کی جھوٹی خبریں گردش میں آئیں، جس پر دھرمیندر کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالنی نے وضاحت جاری کی تھی۔
مبینہ طور پر، دھرمیندر کو 31 اکتوبر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق، انہیں 10 نومبر سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی۔ اب ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد وہ گھر پر زیر علاج ہیں۔دھرمیندر بھارتی سینما کے لیجنڈ اداکاروں میں شامل ہیں، جنہوں نے شعلے، دھرم ویر، چپکے چپکے، میرا گاؤں میرا دیش اور ڈریم گرل جیسی یادگار فلموں میں اداکاری کی ہے۔ حال ہی میں وہ فلم ’’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘‘ میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ نظر آئے۔ ان کی نئی فلم ’’اکیس‘‘ 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں وہ امیتابھ بچن کے نواسے آگستیہ نندا کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔