پشاور:خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم کے مسئلے پر رواں ہفتے اہم پیشرفت متوقع ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جرگہ دو دن کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گا اور یہ معاہدہ کر کے تنازع کا پائیدار امن حل تلاش کرے گا۔انہوں نے دونوں فریقین اور کرم کے عوام کو امن دشمن عناصر کی سازشوں سے خبردار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے سے دور رہنے کی اپیل کی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کرم کے علاقے میں راستے کھولنے کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی۔ ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر وقف کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اب تک 180 سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین، بچوں، مریضوں اور بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1700 مکمل طور پر فعال ہے، جس پر عوام کی مدد کے لیے فوری طور پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔