وانا کے کیڈٹ کالج کے مرکزی گیٹ پر خود کش حملے کی اندرونی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے کس طرح خود کش دھماکہ کیا۔
یہ حملہ 10 نومبر کو افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھرنے والی گاڑی ٹکرا کر کیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس دھماکے کے نتیجے میں کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی انجام دیتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معصوم قبائلی بچوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ نہ قبائلی عوام سے ہیں اور نہ ہی پاکستان کی خوشحالی سے۔ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، تاکہ ملک میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔