وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا منی اور عرفات کے کیمپس کا دورہ

حکومت نے اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی ہے:وفاقی وزیر مذہبی امور
مکہ مکرمہ/اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے منی کی خیمہ بستی اور عرفات کیمپس میں پاکستانی عازمینِ حج کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی ہے اور امسال کا حج آپریشن ماضی کے تمام حجوں سے بہتر اور مثالی ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ابرار احمد، ڈی جی پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو اور سعودی سروس پرووائیڈر الراجحی کمپنی کے سی ای او بندر عبداللہ الراجحی کے ہمراہ عرفات اور منی میں لگے خیموں کے تفصیلی دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے منی میں قائم عارضی خیمہ بستی کے ان زونز کا دورہ کیا جہاں پاکستانی عازمینِ حج قیام کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو خیموں میں لگے ہوئے صوفہ کم بیڈ، نسک کارڈ سکین کر کے خیمہ میں داخلے کے نظام، سامان رکھنے کے ہینگرز اور گیٹ کے باہر عازمین کے کوائف کے بورڈز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ میدانِ عرفات میں لاجسٹکس کا ذکر کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمینِ حج عرفات ریلوے سٹیشن کے ایس تھری (S3) بلاک پر اتر کر براہِ راست سامنے موجود کیمپوں میں داخل ہو سکیں گے جس سے ان کا پیدل سفر ختم ہو جائے گا۔ ان کیمپوں میں 24 گھنٹے بڑے کچنز سے تازہ کھانا، ٹھنڈے پانی کے کولر، کولڈ ڈرنک فریزرز اور آئس کریم دستیاب ہو گی۔ عازمین کی طبی اور روحانی ضروریات کے لئے ہر کیمپ میں 24 گھنٹے فعال میڈیکل کلینکس قائم کئے گئے ہیں جہاں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود رہے گا جبکہ کیمپوں میں نصب بڑی سکرینز پر خطبہ حج لائیو نشر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا باقاعدہ اردو ترجمہ سنانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے آخر میں واضح کیا کہ منی، عرفات، مزدلفہ اور جمرات میں ہمارے خدام الحجاج اور مکتب ناظمین 24 گھنٹے عازمین کی رہنمائی اور ان کی رہائش گاہوں تک واپسی کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں گے.