تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ وجے کا فیصلہ، 700 سے زائد شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم

تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ وجے کا فیصلہ، 700 سے زائد شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم

جوزف وجے نے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی شراب فروشی سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں 700 سے زائد سرکاری شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ وجے نے مندروں، اسکولوں اور بس اسٹینڈز کے 500 میٹر کے دائرے میں قائم 717 شراب کی دکانوں کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔یہ  دکانیں تامل ناڈو اسٹیٹ مارکیٹنگ کارپوریشن کے تحت چلائی جا رہی تھیں، جبکہ حکام کو دو ہفتوں کے اندر کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق وجے کے اس اقدام کو ریاست میں شراب نوشی کم کرنے اور سماجی مسائل پر قابو پانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔اس فیصلے پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ بعض افراد نے اسے عوامی مفاد میں اہم قدم قرار دیا، جبکہ کچھ حلقوں نے ممکنہ معاشی نقصان اور ریونیو میں کمی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ریاستی انتخابات میں ٹی وی کے نے 234 رکنی اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کیں اور اتحادی جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنانے میں کامیاب رہی۔جوزف وجے نے حال ہی میں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور اقتدار میں آنے کے فوراً بعد ان کا یہ فیصلہ اہم سیاسی اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔