بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ایک 36 سالہ حاملہ خاتون کو چلتی ٹرین سے پھینکنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 27 سالہ ملزم نے خاتون سے زیادتی کی کوشش کی، مزاحمت پر اسے ٹرین سے باہر دھکیل دیا۔
واقعے کی تفصیلات
یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی صبح 10:30 بجے پیش آیا۔ متاثرہ خاتون صبح 6:30 بجے ٹرین میں سوار ہوئی، اس وقت بوگی میں مزید 7 خواتین موجود تھیں۔ تاہم، اگلے اسٹیشن پر تمام خواتین اتر گئیں، جس کے بعد ملزم اسی بوگی میں داخل ہوا اور خاتون کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔خاتون نے مزاحمت کی اور ملزم کی کوشش ناکام بنا دی۔اس پر ملزم نے تشدد کیا اور خاتون کو چلتی ٹرین سے نیچے پھینک دیا۔خاتون کو سر، ہاتھ اور پاؤں پر شدید چوٹیں آئیں اور اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملزم کی گرفتاری اور ماضی کے جرائم
پولیس نے خاتون کا بیان ریکارڈ کرکے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم ایک عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔
پولیس کا بیان
بھارتی پولیس کے مطابق، ملزم کا کریمنل ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور وہ اس سے قبل بھی خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔ پولیس مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے تاکہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔