سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ملک میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کر رہی ہے۔
خیرپور میں پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کے خلاف سب سے زیادہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، تاہم ان کے مطابق سندھ حکومت کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی جھگڑا نہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں، اور اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا براہِ راست مقابلہ کسی اور جماعت سے نہیں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ خیرپور میں پیپلز بس سروس کے دو روٹس شروع کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں مزید بسیں بھی شامل کی جائیں گی۔ ان کے مطابق “پنک بسیں”، خواتین کے لیے اسکوٹیز اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد سروس کا حصہ ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوگی، اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ علاج کے لیے ملک بھر سے مریض سندھ آتے ہیں۔