پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دور اور فلمی سفر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئٹم سانگ “بلی” ان کے لیے ایک بڑا اور اہم موڑ ثابت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پرفارمنس کے دوران وہ جسمانی طور پر تھکی ہوئی تھیں، چوٹیں بھی تھیں اور نروس بھی تھیں، لیکن سیٹ پر پہنچ کر ماحول دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ یہ ان کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ مہوش حیات کے مطابق یہ ڈراموں سے فلموں کی طرف ایک “بولڈ لیکن رسکی” قدم تھا، مگر انہیں یقین تھا کہ وہ فلمی اسکرین کے لیے موزوں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سینئر اداکار جاوید شیخ نے پہلے ہی ایک ڈرامے کے دوران ان کی اداکاری دیکھ کر کہا تھا کہ ان میں فلم اسٹار بننے کی صلاحیت موجود ہے، جس کے بعد انہیں فلموں میں مواقع ملنا شروع ہوئے۔
مہوش حیات کے مطابق ہدایت کاروں نے اس گانے کو اس انداز میں فلمایا کہ وہ کہانی کا قدرتی حصہ محسوس ہوا، جیسے کسی گینگسٹر پارٹی کا سین ہو۔اسی گفتگو میں اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی ایک دلچسپ واقعہ سنایا کہ اصل پرفارمر مہوش حیات تھیں اور باقی لوگ صرف ان کے ڈانس پر ری ایکشن دے رہے تھے۔ ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران ایک شخص مہوش کی پرفارمنس دیکھتے ہوئے اتنا متاثر ہوا کہ لوکیشن پر ہی گر گیا۔واضح رہے کہ مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ جلد فلم زومبیڈ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔