فلم اسٹار مہوش حیات آج اپنی 37 ویں سالگرہ منا رہی ہیں

فلم اسٹار مہوش حیات آج اپنی 37 ویں سالگرہ منا رہی ہیں

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات آج اپنی 37 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔

مہوش حیات نہ صرف پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی معروف شخصیت ہیں بلکہ انہوں نے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔مہوش حیات 6 جنوری 1988 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، اور ابتدائی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا، اور بعد میں فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2015 میں کامیڈی فلم "جوانی پھر نہیں آنی" سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی مہوش حیات نے جلد ہی شوبز کی دنیا میں اپنی جگہ بنا لی۔مہوش حیات نے ہالی ووڈ فلم "مس مارول" میں شاندار ایکشن کی کارکردگی سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، جس سے ان کی فنی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہوا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بالی ووڈ کے مشہور گلوکار ہنی سنگھ کی ایلبم "جٹ مہیکما" میں بھی کام کیا جس کو دونوں طرف کے شائقین نے پسند کیا۔

اداکاری میں اپنی کامیابی کے ساتھ ساتھ مہوش حیات گلوکاری میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔ ان کی فنی خدمات اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ مہوش حیات کو ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔مہوش حیات کا شمار پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔ آج وہ اپنی کامیابیوں اور فنی صلاحیتوں کے ساتھ شوبز انڈسٹری کی ایک معتبر شخصیت بن چکی ہیں۔