لاہور: لین دین کے تنازع پر شہری پر تشدد، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، تین ملزمان گرفتار

لاہور: لین دین کے تنازع پر شہری پر تشدد، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، تین ملزمان گرفتار

لاہور کے علاقے راوی روڈ پر لین دین کے تنازع پر شہری کو گھر کے قریب بلا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان شہری کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ بعد ازاں اسے زبردستی ایک دکان کے اندر لے جایا جاتا ہے۔ واقعے کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے شہری پر تشدد کرنے کے بعد مبینہ طور پر اس سے زبردستی اشٹام پیپر پر دستخط بھی کروائے اور بعد ازاں اسے چھوڑ دیا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے سامنے آنے کے بعد پولیس حکام نے فوری نوٹس لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر راوی روڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ایس پی سٹی ارشد کانجو کے مطابق شہری پر تشدد کے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔