امریکا کا اسٹریٹجک ذخائر سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل تیل جاری کرنے کا فیصلہ

امریکا کا اسٹریٹجک ذخائر سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل تیل جاری کرنے کا فیصلہ

امریکا نے ایران سے جاری کشیدگی اور اس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ممکنہ سپلائی بحران کے خدشات کے پیش نظر ایک بڑا معاشی اور توانائی اقدام کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے  رائٹرزکے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو (SPR) سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل خام تیل توانائی کمپنیوں کو قرض کی صورت میں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ فیصلہ عالمی منڈی کو مستحکم رکھنے اور تیل کی سپلائی میں خلل سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہ ہو اور صنعتی و تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔امریکی محکمۂ توانائی کے مطابق اس پروگرام سے 9 بڑی توانائی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ 9 کروڑ 25 لاکھ بیرل خام تیل قرض کی شکل میں جاری کیا گیا تھا، تاہم کمپنیوں نے اس کا صرف 58 فیصد حصہ استعمال کیا۔

حکام کے مطابق مجموعی طور پر 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل خام تیل اسٹریٹجک ذخائر سے جاری کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔توانائی ماہرین کے مطابق یہ اقدام عارضی ریلیف فراہم کر سکتا ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی تو عالمی تیل مارکیٹ پر دباؤ بدستور قائم رہنے کا امکان ہے۔