راولپنڈی: تھانہ گوجر خان کے علاقے قاضیاں میں 14 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے محلے دار کو گرفتار کرلیا۔ ملزم شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ بتایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ قاضیاں کے علاقے حبیب کینال میں پیش آیا، جہاں متاثرہ بچی اپنے چچا کے پاس رہائش پذیر تھی۔ مدعی کے مطابق ان کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ روزگار کے سلسلے میں حبیب کینال میں مقیم ہیں، جبکہ ان کی 14 سالہ بھتیجی بھی تقریباً ڈھائی ماہ قبل ان کے پاس رہنے آئی تھی۔مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم فیاض بھی اسی محلے میں رہائش پذیر ہے۔ الزام ہے کہ اس نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل بچی کو گھر میں اکیلا پاکر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعدازاں اسے کسی کو واقعے کے بارے میں بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔
درخواست گزار کے مطابق چند روز قبل بچی گھر میں بے ہوش ہوگئی اور اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانے کی کوشش کی گئی، تاہم اس نے ابتدا میں انکار کردیا۔ بعدازاں بچی نے خوف کے عالم میں اہل خانہ کو مبینہ زیادتی کے واقعے سے آگاہ کیا۔مدعی کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر 10 روز قبل بھی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اس کی طبیعت مزید خراب ہوگئی۔ واقعے کے انکشاف پر اہل خانہ نے پولیس سے رجوع کیا۔