وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری لیاقت کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم لیاقت نے شجاعت اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری لیاقت نے اپنی جان قربان کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے اور کئی قیمتی جانوں کو بچایا۔ محسن نقوی کے مطابق شہید لیاقت قوم کے ہیرو ہیں اور قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید لیاقت جیسے بہادر شہری پاکستان کا فخر اور شان ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی جان پر کھیل کر خودکش بمبار کو روکنے والے جنڈ کے رہائشی لیاقت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید لیاقت کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت بھی کی۔مریم نواز شریف نے خوشحال گڑھ چیک پوسٹ پر جرات مندانہ ردعمل دینے والی اٹک پولیس ٹیم کو بھی شاباش دی اور کہا کہ پنجاب کو محفوظ بنانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔