پولیس شہداء کا لہو ریاست کی بنیاد ہے، کبھی فراموش نہیں کریں گے: مریم نواز

پولیس شہداء کا لہو ریاست کی بنیاد ہے، کبھی فراموش نہیں کریں گے: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم شہداء پولیس پر پنجاب پولیس کے جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی پنجاب میں امن قائم ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ "سلام ہے ان ماؤں کو جنہوں نے بیٹے شہید کرا دیئے اور ان بیٹوں کو جنہوں نے سر جھکانے سے انکار کیا۔ پولیس شہداء کا خون ہماری ریاست کی سب سے مضبوط اینٹ ہے اور ہم اسے کبھی فراموش نہیں کریں گے۔"انہوں نے کہا کہ کسی ماں نے بیٹا، کسی بیوی نے سہاگ اور کسی بچے نے باپ کھو دیا تاکہ ہم سب محفوظ رہ سکیں۔ پنجاب کے ہر گلی کوچے کا امن کسی شہید کی آخری سانس کا نتیجہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ "ریاست کی اصل طاقت وہ سپاہی ہیں جنہوں نے گولی کے سامنے سینہ تان لیا اور پیچھے قدم نہیں ہٹایا، شہداء کا مشن جاری رہے گا اور ان کے خواب ہم پورے کریں گے۔"مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت پولیس شہداء کے ورثا کے ساتھ صرف الفاظ نہیں بلکہ عملی اقدامات، فلاحی پیکیجز اور ہر ممکن تعاون کے ساتھ کھڑی ہے۔