کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی ووڈ کے معروف سپر اسٹار شاہ رخ خان نے آئی پی ایل کے لیجنڈ کرکٹر اور کے کے آر کے سابقہ کھلاڑی آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ پر ایک جذباتی اور محبت بھرے پیغام کااظہار کیا ہے۔
انہوں نے رسل کو صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ’’نائٹ اِن شائننگ آرمر‘‘ قرار دیا، جنہوں نے ٹیم کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں اور ٹیم کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ بنے۔شاہ رخ خان نے سماجی میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ رسل صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ایک علامت ہیں جنہوں نے 12 سیزنز تک آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رسل اب لیگ کرکٹ کو خیرباد کہہ کر 2026 سے کے کے آر کے ’پاور کوچ‘ کے طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ دیگر عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
شاہ رخ خان نے اپنے پیغام میں یہ بھی واضح کیا کہ رسل کا نیا سفر صرف کردار کی تبدیلی ہے، ان کا رشتہ ہمیشہ کی کے کے آر سے قائم رہے گا۔ انہوں نے محبت بھرے انداز میں کہا کہ ’’مسّل رسل فار لائف‘‘ وہ ہمیشہ کے کے آر کے دل میں رہیں گے اور ٹیم ان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کے کے آر کی پوری ٹیم اور فینز رسل کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
آندرے رسل نے آئی پی ایل کے 140 میچز میں 2,651 رنز بنائے، جن میں انہوں نے 174 کے اوسط سے تباہ کن اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ رنز بنائے، اور ساتھ ہی 123 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کی کارکردگی انہیں لیگ کے خطرناک ترین میچ ونرز میں شامل کرتی ہے۔ رسل کے کریئر میں کامیابیوں کا سلسلہ بھی قابل ذکر ہے، انہوں نے کے کے آر کے ساتھ دو مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن شپ (2014، 2024) جیتی، اور 2015 اور 2019 میں ایم وی پی ایوارڈ بھی حاصل کیا، جس سے ان کا فرنچائز لیجنڈ کا درجہ بھی قائم ہوا ہے۔