بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھارتی حکومت کو ایک اہم پیغام دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان محض ایک ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک طاقتور فوجی قوت ہے جس کے پاس جدید اور مہلک ہتھیاروں کا ذخیرہ موجود ہے۔بھارتی نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ششی تھرور نے خبردار کیا کہ بھارت کو کسی بھی عسکری مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس کا نقصان صرف بھارت کو نہیں ہوگا۔انہوں نے پاکستان کی فوجی طاقت کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو سراہا اور کہا کہ امن کی چھوٹی کوششیں بھی بہت معنی رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے میں وقت لگے گا مگر دونوں ممالک کے عوامی روابط کو فروغ دینا اور ویزہ پالیسی میں نرمی لانا ضروری ہے تاکہ دونوں عوام کے درمیان فاصلے کم ہوں۔تھرور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کو بچھڑے خاندانوں کو دوبارہ ملنے کی اجازت دینی چاہیے۔
ان کی گفتگو اس وقت سامنے آئی ہے جب بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کیا تھا، لیکن پاکستان نے بھارتی حملے کو مؤثر انداز میں پسپا کیا اور دشمن کو کرارا جواب دیا۔پاکستانی فضائیہ کی شاندار کارروائی میں بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے، جو بھارت نے فرانس سے خریدے تھے۔ اس کے علاوہ، پاکستانی فوج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت دشمن کے دفاعی نظام کو بری طرح تباہ کردیا۔یہ کارروائیاں بھارت کی حکومتی سطح پر چپ کا باعث بن گئیں اور بھارتی حکام کو جانی نقصان کا اعتراف کرنا پڑا، ساتھ ہی رافیل طیاروں کی تباہی بھی پہلی بار تسلیم کی گئی۔