ٹرمپ کا دوٹوک پیغام: شراکت داروں کے دفاع میں طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے

ٹرمپ کا دوٹوک پیغام: شراکت داروں کے دفاع میں طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے

دوحا (قطر):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے العدید ایئر بیس میں تعینات امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال سے کبھی گریز نہیں کرے گا۔

 انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکا اپنی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ العدید ایئربیس امریکا کی مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑی اور اہم ترین فوجی تنصیب ہے، جو خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ قطر نے امریکا کے ساتھ 42 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں اور آنے والے برسوں میں العدید ایئر بیس پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس سے اس تنصیب کو مزید جدید بنایا جائے گا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا آئندہ نسل کے لڑاکا طیاروں کی تیاری میں بھی پیش پیش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف 35 طیاروں کے بعد اب امریکا ایف 55 کے جدید ورژن اور ایف 47 جیسے نئے ماڈلز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جو امریکی فضائیہ کی طاقت میں غیرمعمولی اضافہ کریں گے۔امریکی صدر نے اپنے خطاب میں قطر کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کو سراہا اور مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔