کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے، جس نے ثابت کیا کہ جمہوریت ہمیں معمولی قیمت پر نہیں ملی۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ 12 مئی کو کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون آج بھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کی حرمت پامال ہوئی، جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا، لیکن کراچی کے عوام، وکلاء، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی نے آئین اور عدلیہ کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ درجنوں بے گناہ شہریوں کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ وہ جمہوری اصولوں اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے، لیکن ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ایسے سانحات کو دہرانے سے روکنا ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت سانحہ 12 مئی کے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کا حصہ بنی رہے گی۔واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد پر پرتشدد واقعات میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن کے اہلخانہ تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔