دہشت گردی کا تعلق افغانستان سے ہے، ترجمان پختونخوا حکومت کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل

دہشت گردی کا تعلق افغانستان سے ہے، ترجمان پختونخوا حکومت کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل

پختونخوا حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے۔

 انہوں نے بلاول بھٹو کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشتو کی کہاوت کے مطابق "چھلنی لوٹے سے کہتی ہے کہ تم میں دو سوراخ ہیں"، بلاول بھٹو کو پہلے اپنے مسائل اور خامیوں پر توجہ دینی چاہیے، پھر دوسروں پر تنقید کرنی چاہیے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جہاں کل ایک پوری ٹرین کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیا۔ کیا اس کے حالات کی ذمے داری بھی وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور پر ڈالیں گے؟ انہوں نے سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں کے مسئلے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ سندھ کے حکمران خود ان ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اور کراچی میں ڈاکے اور رہزنی معمول بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں ہے، یہ ایک قومی مسئلہ بن چکا ہے، اور وفاق کو اس بارے میں اقدامات کرنے چاہیے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ کے طور پر دنیا کا دورہ کیا لیکن افغانستان جانا گوارا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس مسئلے کا حل افغانستان میں ہے۔

بیرسٹر سیف نے این ایف سی ایوارڈ میں ضم شدہ اضلاع کے حصے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ان اضلاع کو ان کا پورا حصہ نہیں دیا جا رہا۔