جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کے 8 آپریشن تھیٹرز فعال

ہیلتھ پروفیشنلز مریضوں کی طبی امداد کی فراہمی کیلئے الرٹ :سرجریز ہیڈ 
لاہور(خصوصی رپورٹ)کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بلا تعطل نمٹنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کے 8 آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے کے علاوہ وافر مقدار میں جان بچانے والی ادویات فراہم کر دی گئیں ۔ ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ سرجری پی جی ایم آئی ، ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے بتایا کہ شعبہ سرجری کے علاوہ تمام شعبوں کے ہیلتھ پروفیشنلز مریضوں کی بہتر نگہداشت اور بروقت طبی امداد کی فراہمی کیلئے الرٹ ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ایل جی ایچ پبلک سیکٹر میں واحد ہسپتال ہے جہاں 2ویسکولرز سرجنز بھی دکھی انسانیت کا علاج کر رہے ہیں جبکہ ہسپتال میں قائم کنٹرول روم 04299268817پر 24گھنٹے انتظامی ڈاکٹر موجود ہوگا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ایس او پیز کی روشنی اور پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کی زیر نگرانی مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں جو بوقت ضرورت تمام شعبوں سے کو آرڈینیشن کریں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شعبہ حادثات میں 10بستروں پر مشتمل قائم سرجیکل آئی سی یو (انتہائی نگہداشت )میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز و نرسز را ئونڈ دی کلاک فرائض سر انجام دیں گی تاکہ تشویش ناک حالت میں آنے والے مریضوں کا احسن انداز سے علاج معالجہ کیا جا سکے۔