بھارت سے مذاکرات کی صورت میں بات صرف تین نکات پر ہوگی: وزیرِ دفاع خواجہ آصف

بھارت سے مذاکرات کی صورت میں بات صرف تین نکات پر ہوگی: وزیرِ دفاع خواجہ آصف

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر بھارت سے مذاکرات ہوئے تو بات صرف تین اہم نکات پر ہوگی: کشمیر، دہشت گردی اور پانی۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے تو پاکستان صرف انہی بنیادی امور پر بات کرے گا جن پر گزشتہ کئی دہائیوں سے تنازع موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بنیادی مسئلہ ہے جس کا حل خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے۔خواجہ آصف نے زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے اور گزشتہ 20 سے 30 سال سے اس لعنت سے لڑ رہا ہے، اس لیے دہشت گردی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کا مسئلہ بھی انتہائی اہم ہے، کیونکہ بھارت کی جانب سے دریاوں پر ڈیمز کی تعمیر سے پاکستان کے آبی وسائل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر بات کرکے ایک نئی پیشرفت کی بنیاد رکھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری بھی اس تنازع کے حل کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہے۔خواجہ آصف نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کتنی بڑی ستم ظریفی ہے کہ ایک ایسا ملک جو خود دہشت گردی کا شکار ہے، اس پر الزام لگا کر اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے۔