ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام، شہریوں کو گراں فروشی کا سامنا
تفصیلات کے مطابق شہر میں مہنگائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گراں فروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں صرف فوٹو شوٹس تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ دودھ، دہی، نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ روز بروز بڑھ رہا ہے، جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔
دودھ کا سرکاری نرخ 170 روپے مقرر کیا گیا تھا، مگر مارکیٹ میں دودھ 200 سے 220 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
دہی کا سرکاری نرخ 180 روپے مقرر ہے، لیکن یہ بھی 230 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم بیشتر تندوروں پر یہ 16 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
نان کی قیمت 25 روپے مقرر کی گئی ہے، مگر مارکیٹ میں نان 30 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اقدامات صرف رسمی کارروائیوں تک محدود ہیں اور ان کی جانب سے عملی طور پر قیمتوں کو قابو کرنے کے کوئی ٹھوس اقدامات نظر نہیں آ رہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر اقدامات کرے اور گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔