ہندوتوا پالیسی ایک شکست کے بعد تبدیل نہیں ہوگی،بھارتی لوگ بھی سرکار سے سوالات پوچھ رہے ہیں
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت کبھی نہیں چاہتا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا معاملہ اٹھے، بھارت کو خود احتسابی ضرور کرنی چاہیے کہ وہاں کتنی تباہی ہوئی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت میں کتنی تباہی ہوئی وہ خود کبھی نہیں بتائیں گے لیکن سب سامنے آ جاتا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ بھارت نے امن کو ناگزیر نہیں سمجھا، بھارت کی ہندوتوا پالیسی ایک شکست کے بعد تبدیل نہیں ہوگی۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے بتایا ہے کہ بھارتی حکومت نے جو اپنی قوم سے وعدے کیے تھے وہ اس کے حلق میں پھنس گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حقائق نہیں چھپ سکتے، دنیا بھارت سے سوال کر رہی ہے، بھارتی لوگ بھی بھارتی سرکار سے سوالات پوچھ رہے ہیں۔