بھارت کو اربوں روپے خرچ کر کے بھی فائدہ نہیں ہوا، رافیل کی تباہی تضحیک آمیز شکست ہے
بھارت کی حکمت عملی ناکام ہو گئی، پاکستان کو فوجی محاذ پر برتری حاصل ہو گئی،میڈیا کی رپورٹ
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونے لگی، غیر ملکی اخبار نے پاک فضائیہ کو فضاؤں کی حکمراں قرار دے دیا۔برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ پاک فضائیہ فضاؤں کی حکمراں ہے، پاکستانی طیاروں نے جدید میزائل استعمال کر کے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر اپنی فضائی برتری ثابت کر دی۔اخبار نے لکھا ہے کہ رافیل گرا کر پاکستان نے عالمی سطح پر عسکری ماہرین کو حیران کر دیا۔ جبکہ خلیجی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے نے لکھا ہے کہ بھارت کی حکمت عملی ناکام ہو گئی، پاکستان کو فوجی محاذ پر برتری حاصل ہو گئی، بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت کے لیے چیلنج بن گئی، بھارت کو اربوں روپے خرچ کر کے بھی فائدہ نہیں ہوا، رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے تضحیک آمیز شکست ہے۔