شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
مسلم ٹاؤن، قذافی اسٹیڈیم، کلمہ چوک اور برکت مارکیٹ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مال روڈ، جیل روڈ، دھرم پورہ اور مغل پورہ کے اطراف بوندا باندی دیکھنے میں آئی۔اسی طرح نصیر آباد، ماڈل ٹاؤن اور پیکو روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے سے درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ افق پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور مطلع ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 اور کم سے کم 16 ڈگری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جس سے موسم مزید خوشگوار محسوس ہو رہا ہے۔ شہریوں نے بارش کے بعد موسم میں خنکی اور بہتری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، اوچ شریف اور وہاڑی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر پشاور شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔