پاک فوج کے ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹوں پر حملے‘کئی تباہ‘روسی اسلحہ برآمد

آپریشن غضب للحق کے دوران  افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک،855زخمی ہوچکے ‘243 چیک پوسٹس تباہ کردی گئیں‘42 کو قبضے میں لینے کے بعد اڑایاگیا
 219 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کر دی گئیں‘ افغانستان میں 65 دہشتگردوں کے اور معاون مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا:وفاقی وزیر اطلاعات 
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)  پاک فوج کی ’آپریشن غضب للحق‘ کے تحت ڑوب سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائیوں نے دشمن کو پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔   سیکیورٹی ذرائع  کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد کے ڑوب سیکٹر میں طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور 3 کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران افغان طالبان کے زیرِ قبضہ پوزیشنوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر HGL-9 ہیوی گرینیڈ لانچرز ضبط کیے گئے۔۔ وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے افغان طالبان رجیم کے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کردیے، جس کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے641 کارندے ہلاک اور 855 سے زائد زخمی ہوئے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی243 چیک پوسٹس تباہ کردی گئیں اور 42 قبضے میں لے کر اڑا دی گئیں، 219 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کر دی گئیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں 65 دہشتگردوں کے اور معاون مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا