آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں‘افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جانب سے طاقتور اور فیصلہ کن جواب دیا جا رہا ہے:آئی ایس پی آر
پاکستان خطے میں کشیدگی، بین الاقوامی حملوں اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں سفارتی اقدامات کر رہا ہے‘وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتی مشنز بیرون ملک پاکستانیوں کی فوری مدد کے لئے 24 گھنٹے فعال ہیں :ترجمان دفترخارجہ
راولپنڈی‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج کی افغان طالبان اور فتن الخوارج کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر ٹل سیکٹر سے ملحقہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی موثر کارروائی کے دوران افغان طالبان پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جانب سے طاقتور اور فیصلہ کن جواب دیا جا رہا ہے۔دریں اثناء دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، بین الاقوامی حملوں اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں بھرپور سفارتی اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتی مشنز خطے میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور بیرون ملک پاکستانیوں کی فوری مدد کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیں۔ افغانستان بارے پاکستان کی موجودہ پالیسی برقرار رہے گی پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی اور مذاکرات و سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا‘پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف حالیہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ایران کی جانب سے سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی پاکستان نے شدید مذمت کی اور ان ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا ترکیہ اور آذربائیجان پر حالیہ حملوں کو بین الاقوامی قانون اور ریاستی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں اور طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔