وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے صوبوں کو مل کر تجاویز دینی ہوں گی اور وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ آج بہت مفید بات چیت ہوئی ہے۔
احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت ملک کی ترقی کے لیے تمام صوبوں کو ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں صوبوں کی مکمل ہم آہنگی ہو، تاکہ ملک میں مشترکہ ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے میں تعلیم ایک اہم حصہ ہے، اور اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں کے اندر لانے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، این ایف سی کی نئی تشکیل کے تحت گلگت بلتستان اور کشمیر کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ قومی مسائل پر وفاقی اور صوبائی حکومت کا اتفاق ہے۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا معدنیات میں مالا مال ہے، اور یہ وقت ہے کہ سب مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں، کیونکہ ملک کی خوش حالی ہی ہمارے مستقبل کا ضامن ہے۔
انہوں نے آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور محکمۂ صحت کی کمزوری کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اگر آبادی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ ملک کے لیے بہت بڑی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، اور ہمیں قومی مسائل کو ترجیح دینی چاہیے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کرنے کی کوشش کریں گی تاکہ ملک میں خوشحالی اور ترقی ہو سکے۔