وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور: بھارت کے ساتھ میچ عام نہیں ہوتا، بار بار شکست افسوسناک ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور: بھارت کے ساتھ میچ عام نہیں ہوتا، بار بار شکست افسوسناک ہے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز ہمیشہ جذباتی اور تاریخی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔

"بھارت کے ساتھ میچ عام میچ نہیں ہوتا، ہمیں افسوس ہے کہ ہم بار بار کرکٹ میچ ہار رہے ہیں۔"سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف درج تمام مقدمات بےبنیاد ہیں۔ ملک میں لاقانونیت کا راج ہے لیکن وہ اپنے "آزادی کے مشن" سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عنقریب جلسہ کیا جائے گا اور اس میں یہ ثابت کیا جائے گا کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔علی امین گنڈاپور نے اداروں پر زور دیا کہ وہ آئین کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

افغانستان کے حوالے سے سوال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے مثبت پیغام ملا ہے اور وہ بھی اس مسئلے کے حل کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک وفد جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اور افغان حکام کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن و تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔