موجودہ سسٹم 16مارچ تک جاری رہیگا، گندم کو نقصان پہنچنے کابھی خدشہ
لاہور(کرائم رپورٹر)مارچ کے دوران ہی بارشیں برسانے والے تیسرے نظام نے بھی اپنے رنگ ڈھنگ دکھانا شروع کردئیے جو 16 مارچ تک فعال رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت ڑالہ باری بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے پانی کے ذخائر میں اضافہ ہونے کے ساتھ درجہ حرارت بھی بہتر رہے گا لیکن اب یہ خدشات بھی سامنے آنے لگے ہیں کہ بارشوں اور ڑالہ باری کے باعث گندم کی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اِس حوالے سے محکمہ زراعت پنجاب کے ڈی جی انفارمیشن نوید عصمت کاہلوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شدید ڑالہ باری کی صورت میں نقصان کا خدشہ ہے لیکن مجموعی طور پر گندم کی پیداوار میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ رواں سال پنجاب میں ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکٹر رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ گندم کی 21 ملین ٹن پیدوار کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔